حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جوگی پورا/بجنور۔ درگاہ عالیہ نجف ہند میں سالانہ مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے حدیث قدسی "علی علیہ السلام کی ولایت میرا قلع ہے جو میرے قلع میں داخل ہوا نجات پا گیا۔" کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ ولایت یعنی ہمارا قول، عمل حتیٰ فکر مولا کی فرمانبردار ہو۔ نہ اپنی کوئی آرزو رہے اور نہ ہی اپنی کوئی تمنا ہو جو مولا کا حکم ہو اسی پر عمل کریں۔ نہ کسی کی تعریف سے خوش ہوں اور نہ ہی کسی کی ملامت سے رنجیدہ۔ بس یہ دیکھیں کہ مولا راضی ہیں یا نہیں؟
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے روایت "امام علی رضا علیہ السلام کے جلیل القدر صحابی کو بعض چاہنے والوں نے نادانی اور ناسمجھی میں مورد الزام ٹھہرایا جس سے وہ کبیدہ خاطر ہوئے اور قسم کھا کر ان الزامات کا انکار کرنے لگے تو امام رضا علیہ السلام نے فرمایا: کیوں قسم کھا رہے ہو، اس کی پرواہ نہ کرو کہ لوگ کیا کہتے ہیں یہ دیکھو کہ تمہارا امام تم سے راضی ہے یا نہیں۔ میں تمہارا امام ہوں، میں تم سے راضی ہوں" بیان کیا کہ چاہنے والوں کی یہی کوشش ہونی چاہئیے کہ مولا راضی رہیں چاہے دنیا راضی ہو یا ناراض ۔
واضح رہے کہ درگاہ عالیہ نجف ہند کی سالانہ مجالس عزا امسال مولانا سید حبیب حیدر عابدی اور انتظامیہ کمیٹی درگاہ عالیہ نجف ہند کے زیر اہتمام 26 تا 29 مئی منعقد ہوئی ہے۔ جسمیں پورے ملک سے علماء، ذاکرین اور مومنین و مومنات شریک ہیں۔